مظفر آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)آزادکشمیر کے صدر و موسٹ سنیئر وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے حوالے سے بہت پوٹینشل ہے۔سیاحت کے فروغ کے لئے ٹورازم اتھارٹی قائم کر رہے ہیں،آزاد کشمیر میں مزید سیاحتی مقامات کھل جانے سے مری کا لوڈ کم ہوگا۔
ملتان کے ایک روزہ دورہ کےموقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پی ٹی آئی سٹیٹس کو توڑ کر بر سر اقتدار آئی ہے عوام کو ضرور ریلیف ملے گا۔ عوام دوست وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وباء کے دوران عوام کو 1200ارب کا ریلیف دیا۔عمران خان محب وطن پاکستانی ہیں جنہوں نے بیرون ملک کرکٹ کھیلی اور پیسہ کما کر پاکستان لایا۔ میں نے خود عمران خان کو ڈالڈے کے ڈبے میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لیئے چندہ کرتے دیکھا۔ ملک سے مہنگا ئی کے خاتمے کے لئے کام ہو رہا ہے عوام کو ضرور ریلیف ملے گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو ملانے کے لئے شونٹھر ٹنل کی تعمیرکا اعلان کیا ہے، شونٹھر ٹنل آزادکشمیر گلگت بلتستان، شمالی پنجاب اور اسلام آباد کے لئے سی پیک کے منصوبوں میں سب سے اہم ہے،تعمیر کے شونٹھر ٹنل استور کے راستے شاہراہ ریشم تک رسائی کا ذریعہ بنے گی۔ اور چلاس اور استور کے لوگوں کے لئے سفر12 گھنٹے کم ہو جائے گا۔جبکہ دفاعی اعتبار سے بھی یہ ٹنل اہمیت کی حامل ہوگی۔
پی ٹی آئی آزاکشمیر کی حکومت انشاء اللہ عوام کی توقعات پر پورا اتر ے گی۔ آزاد کشمیر میں سیاحت کے شعبہ میں ون ونڈو آپریشن کے تحت سر مایہ کاروں کو سر مایہ کاری کے مواقع مہیا کریں گے۔آزاد کشمیر کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ہے۔پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت پاکستان نے گلگت بلتستان کے لئے 370 ارب اور آزادکشمیر کے لئے 500 ارب کے فنڈز کا اعلان کیا ہے۔سیاحوں کو سہولیات مہیاکرنا حکومت کا فرض ہے۔ میگا ترقیاتی پیکیج کے فنڈز مرحلہ وار آزاد کشمیر کو دئیے جائیں گے۔
(37)