لندن:ریڈ لسٹ میں شامل نہ کئے جانے والے ممالک سے انگلینڈ واپس آنے والے وہ مسافر جو مکمل ویکسین لگوا چکے ہیں، اب واپسی سے ایک یا 2 دن قبل مہنگے پی سی آر کے بجائے سستا لیٹرل فلو کووڈ ٹیسٹ کراسکیں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس رعایت سے ٹریول انڈسٹری کو زبردست مدد ملے گی۔
وطن واپس آنے والے مسافروں کو لیٹرل فلو ٹیسٹ پرائیویٹ کرانا ہوگا اور اس کیلئے این ایچ ایس کی کٹس استعمال نہیں کی جاسکیں گی۔ حکومت کی ویب سائٹ پر جاری کردہ قیمتوں کے مطابق مسافروں کو اس ٹیسٹ کیلئے جو رقم ادا کرنا پڑے گی، وہ 19 پونڈ سے شروع ہوتی ہے۔
مسافروں کو لیٹرل فلو ٹیسٹ کے نتائج کی تصدیق کیلئے ٹیسٹ کی ایک تصویر بھیجنا ہوگی، ایسا نہ کرنے والوں پر ایک ہزار پونڈ جرمانہ کیا جاسکے گا، اس کا اطلاق برطانیہ میں رہنے والے 18 سال سے کم عمر لوگوں پر ہوگا، خواہ انھوں نے ویکسی نیشن کرائی یا نہ کرائی ہو۔ مسافروں کو وطن واپسی پر پسنجر لوکیٹر فارم بھی پر کرنا پڑے گا۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ جس کے ٹیسٹ کا نتیجہ پازیٹو آئے گا، اسے پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا، جو وہ این ایچ ایس کے ذریعے مفت کراسکیں گے۔ تاہم جن لوگوں نے ویکسین مکمل نہیں کرائی ہے اور ان کی عمر18سال سے زیادہ ہے تو انھیں برطانیہ آمد پر 10 دن کیلئے گھروں پر آئسولیشن اختیار کرنا پڑے گی۔
(41)