واشنگٹن: امریکہ کی ریاست فلوریڈا کی نیو سمرنا بیچ پر سرفنگ کرتے ہوئے نوجوان لڑکے پر شارک نے حملہ کردیا۔ سولہ سالہ نوجوان سرفر پر شارک مچھلی کے حملے کی ویڈیو انسٹا گرام پر شیئر کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈوئیل نیلسن نامی نوجوان پر شارک مچھلی نے 9 ستمبر کو حملہ کیا۔ سمندر میں طوفان لیری کی وجہ سے بننے والی بڑی لہروں پر ڈوئیل کی طرح سینکڑوں لوگ سرفنگ سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔ اس دوران ساحل کے قریبی علاقے میں دو شارک مچھلیاں بھی آگئیں جن میں سے ایک نے ڈوئیل پر حملہ کردیا۔
ریاست فلوریڈا میں سرفنگ کرتے نوجوان پر شارک کا حملہ pic.twitter.com/2qex22LIIA
— Sarfraz Raja (@Sarfraz_Raja90) September 16, 2021
نوجوان کے مطابق جب شارک نے اسے کاٹا تو پہلے اسے یہی لگا کہ کوئی اور سرفر اس سے ٹکرا گیا ہے لیکن بعد میں لوگوں نے آوازیں دینا شروع کردیں کہ یہاں شارک مچھلی آگئی ہے اس لیے فوری طور پر باہر نکلو۔ ’شکر ہے کہ شارک نے مجھے چھوڑ دیا اور میں زیادہ زخمی ہوئے بغیر ہی ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔‘
ڈوئیل نیلسن کا کہنا ہے کہ وہ شارک کے حملے سے بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہیں، وہ صحت مند ہونے کے بعد دوبارہ سرفنگ کریں گے۔
خیال رہے کہ سمرنا بیچ شارکس کے حملوں کے حوالے سے مشہور ہے لیکن اس کے باوجود سرفنگ کرنے والوں کیلئے یہ پسندیدہ جگہ ہے۔ گزشتہ برس شارکس کے حملوں میں اس جگہ مجموعی طور پر 220 لوگ زخمی ہوئے تھے۔
(64)