کراچی:پاکستانی رپورٹر چاند نواب کی سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی ویڈیو ’کراچی سے‘ نیلامی کیلئے پیش کردی گئی ہے۔
2008 کی اپنی عید پر رپورٹنگ کی وائرل ویڈیو کو چاند نواب نے این ایف ٹی کے طور پر نیلامی کیلئے پیش کیا ہے۔اس ویڈیو کی کم از کم بولی 20 ایتھریم ٹوکن پر ہے ، 20 ایتھریم پاکستان میں 1 کروڑ 25 لاکھ سے زائد کی رقم بنتی ہے۔
عید پر کراچی سے اندرون ملک عید کی خوشیاں اپنوں میں منانے کیلئے جانے والوں کی کوریج کے دوران بار بار آتے جاتے لوگ خلل ڈالتے ہیں ، جس پر وہ کمال معصومیت سے اس پر غصہ بھی کرتے ہیں۔چاند نواب کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اس قدر وائرل ہوئی کہ اس کِلپ کے یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا سائٹس پر دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں تک چلی گئی۔
ناصرف پاکستان بلکہ یہ کِلپ سرحد پار بھی خوب مقبول ہوا، اس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ چاند نواب کا یہ کِلپ سلمان خان کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں بھی کاپی کیا گیا، نواز الدین صدیقی نے فلم میں پاکستانی صحافی چاند نواب کا کردار ادا کرتے ہوئے اسی منظر پر فلم میں اداکاری کی۔
اب چاند نواب نے اپنی اس وائرل ویڈیو کو نان فنگیبل ٹوکن ( این ایف ٹی ) نیلامی کیلئے پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا سائٹ فیس بُک پر وائرل ہونے والی6 سال پرانی پاکستانی میم خطیر رقم کے عوض فروخت کردی گئی تھی۔
(62)