راولپنڈی/اسلام آباد:گلستان کالونی میں دکان میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے نوجوان دکاندار جاں بحق ہوگیا، دیگر وارداتوں میں شہری 3گاڑیوں 23 موٹر سائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائلز اور نقدی سے محروم ہوگئے ،9افرادسے جھپٹا مار کر موبائل فونز چھین لئے گئے۔
وفاقی دارالحکومت میں بھی شہریوں کو 5گاڑیوں، 8موٹرسائیکلوں نقدی وطلائی زیورات، موبائلز ، لیپ ٹاپس سے محروم کردیاگیا۔ تھانہ سول لائنزکے علاقہ گلستان کالونی لین نمبر 3میں محمد پرویز اپنے بیٹے علی پرویز اور محلہ دار محمد اظہر کے ساتھ اپنی دکان میں موجود تھا کہ 3مسلح ملزم موٹر سائیکل پر آئے اور گن پوائنٹ پر علی پرویزسے نقدی چھین کر واپس جانے لگے تو علی پرویز نے ایک ملزم کو قابو کرنے کی کوشش کی جس پر دوسرے ملزم نے فائرنگ کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔
بعد ازاں زخمی نوجوان علی پرویزدم توڑ گیا۔ فیصل ٹاؤن میں محمد صفدر علی کے گھر کے تالے توڑ کر 9لاکھ روپے اورسونا مالیتی ساڑھے 13 لاکھ روپے ، تھانہ گولڑہ کے علاقے میں خوشحال خان کے گھر کے تالے توڑ کر تیس لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور دیگر اشیا، فرح ناز کے گھر کے تالے توڑ کر نقدی، طلائی زیورات، لیپ ٹاپس وغیرہ اڑا لئے گئے۔
(0)