اسلام آباد: تھانہ ترنول کے علاقے ڈھوک رمضانیاں میں ڈاکووں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کا بروقت ریسپانس ،فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ڈاکو زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار، تین فرار ہو گئے۔ تھانہ ترنول پولیس ڈھوک رمضانیاں میں چیکنگ میں مصروف تھی کہ پولیس ٹیم کو مخبر نے اطلاع دی کہ ایک ڈکیت گینگ ڈھوک رمضانیاں میں ایک گھر میں موجود ہے، اس اطلاع پرپولیس پارٹی نے کوکا چوک ازاں سکندر بادشاہ گھر کو گھیرے میں لے کر ملزمان کو گرفتاری دینے کے لئے کہا۔
اسی دوران ملزمان نے گھرکے اندر سے پولیس پارٹی پر بلااشتعال فائرنگ کردی اور بھاگنے کی کوشش کی۔تمام ترحفاظتی تدابیر کی وجہ سے پولیس اہلکار فائرنگ سے محفوظ رہے۔کراس فائرنگ میں دو ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے،جبکہ تین ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے، زخمی ڈاکووں کواسلحہ دو پسٹلز معہ ایمونیشن سمیت گرفتار کرلیا گیا اوران کے قبضے سے چھینے گئے پانچ موبائل فون اور دو موٹرسائیکل بھی برآمدکرلئے۔زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سینیر پولیس افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پرپہنچ گئے اورعلاقہ میں ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔گرفتار زخمی ملزمان کی شناخت روح اللہ عرف حاجی اور ابرار عرف بھالو کے نام سے ہوئی ہے۔ملزمان کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جبکہ فرار ڈاکوؤں کی شناخت ہوچکی ہے جن کی تلاش جاری ہے۔
(2)
