لندن:برطانیہ میں اومی کرون ایمرجنسی بوسٹر نیشنل مشن پر عوام کا مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ویکسینیشن کے واک ان سینٹرز پر بوسٹر لگوانے والوں کا رش تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سینٹ تھامس اسپتال کے باہر طویل قطار نظر آئی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ این ایچ ایس کی ویب سائٹ پر بکنگ میں مشکلات پیش آئیں۔ رش کے سبب سائٹ کریش ہوگئی۔ حکام کے مطابق این ایچ ایس بکنگ میں مشکل آنے پر بعد میں یا پھر کل کوشش کریں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 18 سے 29 برس کے افراد کیلئے بکنگ 15 دسمبر سے شروع ہوگی۔ لٹرل فلو ٹیسٹ کی کٹ زیادہ مانگ کے سبب ختم ہوگئی۔ گزشتہ شب وزیراعظم بورس جانسن نے’اومی کرون ایمرجنسی‘ کا اعلان کیا تھا اور عوام سے بوسٹر لگوانے کی اپیل کی تھی۔
دوسری جانب ہیلتھ سیکریٹری ساجد جاوید نے کہا ہے کہ اومی کرون ایمرجنسی کے دوران مزید ویکسینیشن سینٹرز کھولے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ بعض ویکسینیشن سینٹر 24 گھنٹے کام کریں گے۔ اسٹیفورڈ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ہوم ٹیسٹ کٹس کی زیادہ ڈیمانڈ کے باعث عدم دستیابی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ لیٹرل فلو ٹیسٹ کٹس حکومتی ویب سائٹ پر دستیاب نہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کورونا مریض کےقریبی رابطےمیں رہنے والوں کو گھر میں ٹیسٹ کرنا ہوگا۔ ویکسین نہ لگوانے والوں کو بھی انڈور تفریحات کے لیے منفی ہوم ٹیسٹ دکھانا ہوگا۔
(33)