لندن:مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کے نکاح کی تقریب آج لندن ہوئی۔تقریب میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سمیت مختلف مہمانوں نے شرکت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے بیٹے کے نکاح کی تقریب میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ جاتی امرا کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا۔مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے جنید صفدر کے نکاح کی تقریب میں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے اور ایک دوسرے میں مٹھائیاں تقسیم بھی کیں۔
علاوہ ازیں مریم نواز کے بیٹے کے نکاح کی تقریب کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کچھ حامی بھی پہنچ گئے۔مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے حامیوں کے درمیان ٹاکرا ہوا، احتجاج کے باعث لینزبرا ہوٹل کے باہر سڑک بلاک ہوگئی، جس پر انتظامیہ نے پولیس طلب کر لی۔
تحریک انصاف کے مقامی عہدے دار ظفر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو مظاہرے کے لیے واٹس ایپ گروپ پر بلایا گیا تھا، سب کو پانچ بجے بلایا تھا، مگر کوئی نہیں پہنچا۔پی ٹی آئی عہدے دار ظفر کا کہنا تھا کہ انہیں لاتیں ماری گئیں۔
(104)