کلرسیداں: عید کے ایام میں مختلف حادثات میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔خاتون سمیت دو افراد پانی میں ڈوب کر اور ایک نوجوان محنت کش موٹرسائیکل حادثے میں جاں بحق ہو گیا۔دو کو آبائی علاقوں میں سپردخاک کردیا گیا ایک کی نعش کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کلرسیداں شہر کا چوبیس سالہ نوجوان بلال حیدرراولپنڈی کے ایک ہوٹل میں ویٹر کی نوکری کرتا تھا وہ عید کے روز مختصر چھٹی لے کر کلرسیداں آیا اس نے اپنی ماں اور چھوٹے بہن بھائیوں کو عیدی دی اور موٹرسائیکل پر راولپنڈی اپنی ڈیوٹی پر روانہ ہو گیا کہ راستے میں پیچھے سے آنے والی گاڑی نے پوری شدت سے موٹرسائیکل کو ٹکرماری جس سے بلال حیدر شدید زخمی ہوکر دم توڑ گیا۔اسے کلرسیداں میں سپرد خاک کردیا گیا جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ سلطان پرویز کیانی کا بائیس سالہ بھتیجا حمزہ منصور کیانی برطانیہ کے ساحلی شہر لیور پول کے سمندر میں اپنے دیگر چار دوستوں کے ہمراہ گھوم رھا تھا کہ سمندرمیں گزرنے والے جہاز کے باعث آنے والی لہر نے اسے اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے وہ دم توڑ گیا۔
اس کی نماز جنازہ چوآخالصہ کے قریب ڈھوک سنگال میں ادا کی گئی جس میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری راجہ صغیر احمد،سابق رکن اسمبلی محمود شوکت بھٹی،وائس چیئرمین واسا ہارون کمال ہاشمی،چوہدری صداقت حسین،راجہ ندیم احمد،محمد صفدر کیانی،محمد ظریف راجا،آصف محمود کیانی،راجہ گلستان خان،تنویز ناز بھٹی،مالک داد بھٹی،چیف مہربان خان، زین العابدین عباس، شعیب بھٹی،مسعود بھٹی،علی افسر بھٹی،شہزاد مغل،ماسٹر طارق منہاس،راجہ اورنگزیب،عنصر عباسی، وقاص گجر،جاوید کیانی اور دیگر نے شرکت کی جبکہ آئیسکو سب ڈویژن چوآخالصہ کے لائن سپریٹنڈنٹ عالمگیر پراچہ کی خالہ دریائے جہلم میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں ان کا دماغی توازن درست نہ تھا انہوں نے علی الصبح مظفرآباد کے قریب دریائے جہلم میں چھلانگ لگا دی کلرسیداں کے قریب دھانگلی میں ان کی نعش کی تلاش کا کام جاری ہے۔
(15)