اسلام آباد: حکومت نے کورونا وبا کی بڑھتی شرح کے پیش نظر مختلف شہروں میں 2 ہفتوں کے لئے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی بدلتی صورتحال پر جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران کورونا سے بچاؤ کے لیے ماسک ہہننے پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی، تمام تجارتی سرگرمیوں پر رات 10 بجے بند کرنے کی حد فوری نافذ کر دی گئی، 15 مارچ سے شادی ہالز، انڈور ڈائننگ اور سینما گھروں اور زیارتوں کو کھولنے کی اجازت دینے کے پہلے فیصلے کو واپس لے لیا گیا ہے۔
این سی او سی کے اجلاس میں اِن ڈور شادی تقریبات اور کھانوں کی اجازت واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ آؤٹ ڈور کھانوں اور ٹیک اوے کی سہولت میسر رہے گی، بیرونی اجتماعات کورونا ایس او پیز کے سخت نفاذ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ 300 افراد تک محدود رہیں گے۔ اس کے علاوہ 15 مارچ سے سینما گھروں اور مزارات کھولنے کا فیصلہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے، کیسز بڑھنے سے اسپتالوں پر دباؤ مزید بڑھ جاتا ہے، گزشتہ ہفتے کے دوران ملک میں کورونا کی شرح میں مزید اضافہ ہوا ہے، شہری گھر سے باہر فیس ماسک ہر صورت پہنیں۔
(28)