کلر سیداں: اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں رمیشا جاوید اعوان نے کہا ہے کہ کلر سیداں پنڈی روڈ پر قائم ویگنوں کے غیر قانونی اسٹینڈ کو جلد ختم کیا جا رہا ہے جبکہ ٹریفک کے رش کو کم کرنے کیلئے مسافر گاڑیوں کو ون وے کرنے کی بھی تجویز زیر غور ہے۔انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ کلر سیداں شہر میں سوزوکیوں اور رکشاؤں کے غیر قانونی اڈوں نے نہ صرف پیدل چلنے والوں کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے بلکہ گاڑیوں کی آمدورفت بھی اکثر و بیشتر تعطل کا شکار رہتی ہے جس پر انتظامیہ کی رٹ پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر کی توجہ مرید چوک کلر سیداں میں سابقہ دور میں قائم ہونے والے ٹرانسپورٹ اڈے جہاں اب ورکشاپیں اوردکانیں تعمیر ہیں کی جانب بھی مبذول کروائی تھی جس پر انہوں نے سرکاری جگہ تجاوزات مافیا سے واگزار کروانے کی یقین دہانی کروائی۔اے سی کو بتایا گیا کہ مسافروں کیلئے انتظار گاہیں اور بیت الخلاء بھی تعمیر کئے گئے تھے جو اب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔
(29)