راولپنڈی/اسلام آباد:راولپنڈی میں شہری ایک گاڑی 15 موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائلز اور نقدی سے محروم ہوگئے ،10افراد سے موبائل فون چھین لئے گئے۔وفاقی دارالحکومت میں 29 وارداتوں میں شہریوں کو نقدی، طلائی زیورات، موبائلز ، لیپ ٹاپس، 3 گاڑیوں اور 9 موٹر سائیکلوں سے محروم کر دیا گیا۔
تھانہ کینٹ کے علاقہ حیدرروڈ پر عدنان صادق 40لاکھ 50ہزار روپےبینک میں جمع کرانے گیا جہاں دو مسلح موٹرسائیکل سوار رقم والا بیگ اور ساڑھے سات سوروپے والے 35 پرائز بانڈز وچیک بک لے اڑے۔تھانہ آراے بازار کے علاقہ شاہ فیصل کالونی میں امتیاز احمد کی د کان پر دوموٹرسائیکل سوار آئے اور گن پوائنٹ پر 5ہزار روپے نکال لئے ،مدعی نے پکڑنے کی کوشش کی توایک ملزم نے فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا۔
تھانہ انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں بینک سے 41 لاکھ روپے کی رقم نکلوا کر آنے والے سٹیل انڈسٹری کے محمد اکبر سے 2 موٹر سائیکل سوار 30 لاکھ روپےچھین کر لے گئے اور جاتے ہوئے اس اور اسکے ساتھی پر فائرنگ کر کے انہیں زخمی کر گئے 11 لاکھ روپے قمیض کے نیچے چھپائے ہوئے ہونے کی وجہ سے بچ گئے۔
خیابان سرسیدمیں خرم شہزاد کے گھر کے تالے توڑ کر 12لاکھ روپے ، سونا مالیتی 8لاکھ روپے اور پرائز بانڈ مالیتی 50ہزار روپے،ٹیپو روڈ پر عامر جاوید کے گھر سے 8تولہ سونا،کمرشل مارکیٹ میں ہوٹل کے کمرے سے ثناء ستار کاسامان مالیتی 22لاکھ روپے ،سہام میں فہد سہیل کے گھرکے تالے توڑ کر9لاکھ روپے اور زیوراڑا لیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں سٹریٹ کرائم میں بے قابو ہو گیا ۔
تھانہ سنگجانی کے علاقہ ڈھوک پراچہ میں بدھ کو ڈاکوؤں نے ناکہ لگا کر ایگل سکواڈ کے دو اہلکاروں سمیت پندرہ شہریوں سے موبائل فون اور نقدی چھین لی، متاثرین کے مطابق ایگل سکواڈ کے دو اہلکار ہوٹل پر بیٹھےموبائل فون استعمال کر رہے تھے۔ ڈاکوؤں کی نظر پڑی تو موبائل فون اور سرکاری اسلحہ بھی چھین لیا، بندوقیں کچھ دور جا کے پھینک دیں اور باقی سامان لے کر فرارچلتے بنے۔
(1)