راولپنڈی: تھانہ نصیرآبادکے علاقہ میں نامعلوم شخص کوقتل کرکے جسم کے ٹکڑے کرکے پھینک دیاگیا،پولیس کوکانسٹیبل قمرکیانی نے بتایاکہ میں دوبجے رات مصریال روڈ کے شادی ہال کے قریب پہنچا تودیکھاکہ ایک نامعلوم لاش کے ٹکڑے ٹکڑے ہوئے تھے جو سڑک کے کنارے بکھری پڑی تھی ،شناخت مٹانے کے لئے نامعلوم قاتل نے مقتول کے جسم سے چمڑااتاردیا تھا ۔
ایچ آئی یوکے تفیشی افسرسب انسپکٹرسبط الحسن نے بتایاکہ انسانی جسم کے ٹکڑوں کے قریب ایک بڑاشاپربھی ملا۔ پولیس نےٹکڑوں میں تقسیم نعش قبضے میں لے کرڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال منتقل کردی ۔
ایس ایچ اوتھانہ نصیرآبادچودھری شفقت علی نے بتایاکہ لاش کے فنگرپرنٹس لے لئے گئے ہیں جنہیں تصدیق کے لئے نادراکوبھیجاجائے گا،انہوں نے کہاکہ فی الحال اس بارے کچھ نہیں کہاجاسکتاکہ نعش مردکی ہے یاکسی عورت کی ۔
پی آراوراولپنڈی پولیس کے مطابق سی پی او عمر سعید کی ہدایت پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن غضنفر علی شاہ، ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض او رایس پی سی آئی اے طارق محبوب نے جائے وقوعہ او رہسپتال کا دورہ کرکے جائزہ لیا، واقعہ کی تحقیقات کے لیے تینوں سینئر افسران کی سربراہی میں الگ الگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے بتایاکہ علاقہ سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ابتدائی طور پر نعش بظاہر خاتون کی معلوم ہوتی ہے۔
(2)