راولپنڈی : تھانہ گنج منڈی پولیس نے 70لاکھ روپے کی ڈکیتی کے 3ملزموں اوربینک میں واردات کے دوران سیکورٹی گارڈ کوقتل کرنے والے ایک ملزم کوگرفتار کرکے مسروقہ رقم برآمدکرلی ۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن غضنفر علی شاہ نے ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض ،ایس پی سی آئی اے ملک طارق محبوب،ایس ڈی پی اوسٹی چودھری اثرعلی اور ایس ایچ اوگنجمنڈی چودھری ذوالفقار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ حارث پراچہ نرنکاری بازار پان گلی میں کراچی ٹی سٹور کے نام سے کاروبار کرتاہے 7فروری کو وہ اپنے ملازم جنیدحیات کے ہمراہ 70لاکھ روپے بنک الحبیب میں جمع کرانے جارہے تھے کہ تاج محل مارکیٹ کے قریب تین ملزمان گن پوائنٹ پران سے رقم والاتھیلا چھین کرفرارہوگئے۔
تھانہ گنج منڈی پولیس نے واردات میں ملوث تینوں ملزموں محمد اختر،محمد عثمان اورمحمد عمیر کو گرفتار کرلیاجن سے 70لاکھ روپے برآمد ہوئے۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے بتایاکہ 9 نومبر 2021کو الائیڈبنک دالگراں بازارمیں ایک مسلح نوجوان بینک سے گن پوائنٹ پر 34لاکھ 65ہزار 879روپے چھین کرفرارہونے لگا جسے گیٹ پرموجود قدیراورعنصرعباس گارڈنے پکڑنے کی کوشش کی توملزم نے فائرکیا جوعنصرعباس کے سینے میں لگا جوہسپتال میں دم توڑگیا ۔
بینک رابری ، قتل کی واردات میں ملوث ملزم ظہیراحمدعباسی کو گرفتارکر کے اس سے مسروقہ رقم میں سے 5لاکھ روپے برآمد کر لئے گئے۔
(54)