لاہور:سمن آباد پولیس نے چوری کی وارداتوں کے لیے معصوم بیٹے کو استعمال کرنے والے ملزم باپ کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سمن آبا کے علاقہ میں گزشتہ کچھ عرصہ سے موٹرسائیکل کی چوری کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا جس پر ڈی آئی جی آپریشنز کیپٹن(ر)سہیل چودھری نے ایس پی اقبال ٹاؤن اویس شفیق کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا۔
تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے جس میں سمن آباد کے علاقہ میں باپ بیٹے کو موٹرسائیکل چوری کی واردات کرتے ہوئے دیکھا گیا،ملزم اپنے معصوم بیٹے کو موٹرسائیکلز کے ہینڈل لاک چیک کرنے کے لیے استعمال کرتا تھا تاکہ کسی کے دیکھنے میں کہہ سکے بچہ شرارت کررہا تھا۔ تاہم جس موٹرسائیکل کا ہینڈل لاک کھلا ہوتا ملزم اسے چوری کرلیتا۔
ایس ایچ او سمن آباد عمران انوار کے مطابق ملزم عرفان موٹرسائیکل اپنے دوست مکینک وقاص کے پاس لیکر جاتا جو بائیک کے سپیئرپارٹس الگ کر دیتا۔سمن آباد سے چوری شدہ موٹرسائیکل کے سپیئر پارٹس انجن،چیسیز دیگر سامان ملزمان سے برآمد ہوگیا ہے۔
ملزمان کے قبضہ سے چوری کی گئیں دو موٹرسائیکلز اور سپیئرپارٹس برآمد ہوئے ہیں۔مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔چور گینگ کی گرفتاری پر سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے ایس ایچ او سمن آباد عمران انوار اور انکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔
(44)