نیویارک:سپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلن مسک ایک عرصے سے ڈیجیٹل کرنسی ’بٹ کوائن‘ کی حوصلہ افزائی کرتے آ رہے ہیں،اب انہوں نے ایک ایسا اعلان کر دیا ہے کہ بٹ کوائنز کا استعمال رواج پانے میں اب زیادہ دیر نہیں لے گا۔
نجی اخبار کے مطابق ایلن مسک نے اعلان کیا ہے کہ اب لوگ ان کی کمپنی ٹیسلا کی بنائی ہوئی الیکٹرک گاڑیاں خریدنے کے لیے روایتی کرنسی کی طرح بٹ کوائنز بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ایلن مسک کے اعلان کے مطابق اس وقت امریکی شہری بٹ کوائنز ادا کرکے ٹیسلا گاڑیاں خرید سکتے ہیں تاہم رواں سال کے آخر تک یہ سہولت باقی ممالک کے لوگوں کے لیے بھی دستیاب ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق ٹیسلا کی طرف سے گزشتہ ماہ بتایا گیا تھا کہ انہوں نے ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کے بٹ کوائنز خریدے ہیں اور وہ جلد گاڑیوں کی ادائیگی کے لیے بٹ کوائنز وصول کرنا شروع کر دیں گے۔ ٹیسلا کی طرف سے اس اقدام کے بعد بٹ کوائنز کی قدر میں تیزی سے اضافہ ہوا اور ایک بٹ کوائن کی قیمت 62ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی۔
(40)