مانچسٹر(راجہ شہزاد خان) دھرتی ماں کشمیر کی ایک ہونہار بیٹی کا امریکہ کے طاقت ور ایوان وائٹ ہاوس کے بڑے عہدے پر براجمان ہونا بے شک کشمیر کے باسیوں کے لیئے ایک بڑے اعزاز سے کم نہیں، حجاب پہنے دھرتی کشمیر کی ہونہار بیٹی سمیرا فاضلی اس وقت امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ میں قومی اقتصادی کونسل کی ڈپٹی ڈائریکٹر ہیں
۔ سمیرا فاضلی اس سے پہلے صدر باراک اوبامہ کی انتظامیہ میں اقتصادی امور کی سینیئر مشیر رہ چکی ہیں، سمیرافاضلی امریکی ریاست نیویارک کے شہر بفلو کے ایک قصبے فلیمزوائیل میں پیدا ہوئی تھیں مگر ان کے والدین کا تعلق مقبوضہ کشمیر کے شہر سیرینگر سے ہے سمیرا کے والدین خود ڈاکٹر ہیں جنھوں نے سری نگر کے سرکاری کالج سے ڈاکٹر بننے کی تعلیم حاصل کی تھی۔ ان کے والدین، ڈاکٹر محمد یوسف فاضلی سرجن ہیں، اور والدہ ڈاکٹر رفیقہ فاضلی، جو کہ پیتھالوجسٹ ہیں، دونوں سنہ 1971 میں امریکہ ہجرت کر گئے تھے
جہاں اُس وقت اُن کے والدین ہسپتالوں میں کام کرتے تھے سمیرا فاضلی پیدا تو امریکہ میں ہوئی لیکن انھوں نے اپنے آبائی وطن کشمیر کے ساتھ اپنا رابطہ برقرار رکھا۔ اور بقول ان کے ماموں رؤف فاضلی کہ وہ کشمیر آتی جاتی رہی ہیں۔ آخری مرتبہ وہ اپنے ایک عزیز کی شادی میں شرکت کے لیے سری نگر آئی تھیں، سمیرا فاضلی کے عزیز و اقارب اب بھی کشمیر میں رہتے ہیں لیکن ان کا کشمیر سے ایک اور بھی منفرد تعلق ہے سمیرا کے ایک پھوپھی زاد بھائی، مبین شاہ جو کہ ایک بزنس مین ہیں، اُن افراد میں شامل تھےجنھیں انڈین حکومت نے سنہ 2019 کے حالات کے بعد پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیے رکھا تھا مبین شاہ، جو ملائشیا میں مقیم ہیں اور دستکاری کا کاروبار کرتے ہیں انھیں اپنی اہلیہ کے ہمراہ کشمیر کا دورہ کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا مبین کی اس عزیز داری کی وجہ سے فاضلی خاندان نے ان کی رہائی کے لیے واشنگٹن میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے بھرپور آواز اٹھائی تھی ۔ سمیرا کی بہن، یُسریٰ فاضلی، جو کہ انسانی حقوق کی ایک وکیل بھی ہیں نے سنہ 2019 میں امریکی کانگریس کے سامنے پیش ہو کر کشمیر کے حالات کے بارے میں بیانات بھی دیے تھے سمیرا کی شادی بھی ایک کشمیری عزیز کے ساتھ ہوئی ہے سمیرا فاضلی نے تعلیم کے دوران حجاب پہننا شروع کیا تھا، اور وہ اب بھی حجاب پہنتی ہیں سمیرا فضیلی نے ییل لا سکول سے 2006 میں لا گریجویشن کی تھی اور بعد میں انھوں نے شورویر بینک میں ایک فیلو کے طور پر کام کیا، یہ ایک کمیونٹی ڈویلپمنٹ بینک ہے جس نے ریاست ہائے متحدہ اور بیرون ملک اقتصادی مساوات کے امور پر توجہ دی ہے ۔ بعد میں سمیرا اپنے شوہر اور تین بچوں کے ہمراہ ریاست جارجیا منتقل ہو گئیں۔ وہیں سمیرا ریزرو بینک آف اٹلانٹا میں ڈائریکٹر بنیں، لیکن وائٹ ہاؤس میں تقرری کے بعد وہ وہاں سے عارضی رخصت پر ہیں امریکہ میں ان کی تقرری کے موقعے پر سری نگر میں آباد ان کے عزیز و اقارب نے بھرپور خوشی منائی۔ موجودہ امریکی انتظامیہ میں وہ دوسری کشمیری امریکی خاتون ہیں جنھیں انتظامیہ نے ایک اہم عہدے پر تعینات کیا ہے۔ دوسری کشمیری بھی ایک خاتون ہیں جن کا نام عائشہ شاہ ہے اور وہ ڈیجیٹل سٹریٹیجی سے وابستہ ہیں
(129)