راولپنڈی/اسلام آباد: راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سرقہ بالجبر ، چوری ،نقب زنی اورراہ زنی کی وارداتوں میں شہری 3 گاڑیوں،2رکشوں،14موٹرسائیکلوں،طلائی زیورات ، موبائل فونز ،مویشیوں ،نقدی اور دیگراشیاء جبکہ وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں 33وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاءکے علا وہ 4کار یں اور 10موٹرسائیکل اڑا لیےگئے۔تھانہ روات کے علاقہ فیز8میں تین ملزمان موٹرسائیکل پر شہزاد بٹ کے گھرآئے اور گھر والوں کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر8تولے طلائی زیورات ،8لاکھ روپے ، رائفل ایم 4،پسٹل بریٹا اور دوسرا پسٹل 9ایم ایم چھین کرفرارہوگئے ۔
تھانہ روات کے علاقہ فیز8میں اسا مہ محمود کے گھرکے تالے توڑکر12لاکھ روپے اور طلائی زیورات 23تولے چوری کرلے گئے۔ تھانہ گنج منڈی کے علاقہ رتہ روڈپر دوموٹرسائیکل سوار محمد شاہد کے جنرل سٹور سے اسلحہ کی نوک پر 2لاکھ60ہزار روپے چھین کرلے گئے ۔تھانہ صادق آبادکے علاقہ فیض آبادمیں محمد سلیم کو ایک سفید رنگ کی کار میں سوار3نامعلوم افراد نے 100روپے کرایہ پر روات کیلئے بٹھاکر اسلحہ کی نوک پر 3ہزار روپے اوراے ٹی ایم کارڈسے زبردستی 30ہزار روپے نکلوا کر مری روڈپر اتار دیا۔ تھانہ سہالہ کے علاقے میں صبیح کے گھر تین مسلح ڈاکو داخل ہوگئے اور اہلخانہ کو یرغمال بنا کر23تولہ زیور، نقدی اور موبائل چھین کرلے گئے۔
تھانہ کھنہ کے علاقے میں موبائل ،مظہر سے دو لاکھ روپے ، نون کے علاقے میں ممتاز سے نقدی وموبائل، تھانہ بھارہ کہوکے علاقے میں عاصمہ کے گھر سے ڈیڑھ تولہ زیور اور نقدی ،توحید کے گھر سے اڑھائی تولہ زیور، نقدی اڑا لیے گئے۔لوٹنے اور چوری کی دیگر وارداتیں تھانہ پیرودھائی، نیوٹاؤن ، نصیرآباد ، روات ، صادق آباد ، ویسٹریج ،ائرپورٹ ، وارث خان ،کینٹ ،واہ کینٹ ، صدرواہ ،صدربیرونی ، چونترہ ،کوہسار ، آبپار ہ ، کراچی کمپنی ،کھنہ، آئی نائن ، سبزی منڈی ، شہزاد ٹاؤ ن ، رمنا ،کورال ،سبزی منڈی،تھانہ لوہی بھیر کی حدود میں ہوئیں۔
(7)