راولپنڈی:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں پتنگ بازی کے نتیجے میں 65 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ایک ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز راولپنڈی میں منچلوں نے خوب پتنگیں اڑائیں جس کے باعث شہر بھر میں 65 افراد زخمی ہوئے ۔ زیادہ تر زخمی ہوائی فائرنگ کی زد میں آئے جب کہ ایک لڑکا پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گرگیا۔ ایک مقامی شہری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے آج تک اتنی زیادہ ہوائی فائرنگ نہیں دیکھی، اس موقع پر شہر میں کوئی پولیس نظر نہیں آئی۔
دوسری جانب پولیس کی جانب سے پتنگ بازوں کے خلاف ایکشن کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جمعہ کے روز پتنگ بازی کے حوالے سے پولیس کو 210 شکایات موصول ہوئیں۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) نے ہفتے کے روز ایک ٹویٹ میں بتایا کہ راولپنڈی ریجن میں اب تک پتنگ بازوں کے خلاف 916مقدمات درج کرکے ایک ہزارسےزائدملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔ملزمان سے ایک لاکھ 10ہزارسےزائدپتنگیں اور ہزاروں ڈوریں برآمدکی گئی ہیں۔
(35)