کلر سیداں:کلرسیداں کچہری میں قائم سہولت سنٹر میں تعینات پولیس کانسٹیبل معین آصف کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا،واقعہ کلر مندرہ روڈ پر پیش آیا،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایچ آئی یو کے سب انسپکٹر حسن اختر بھٹی پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور نعش کو قبضہ میں لے کر ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں میں پوسٹمارٹم کروانے کے بعد اسے ورثاء کے حوالے کر دیا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق 34 سالہ معین آصف جو کلر سیداں کچہری میں قائم سہولت سنٹرمیں بطور ملازم اپنے فرائض سر انجام دے رہا تھا اور گاؤں بھاٹہ کا رہائشی تھا۔ہفتے کی شام مقتول چوکپنڈوری کے قریب واقع چنالی میں اپنے سسرال آیا اور اتوار کی صبح مقتول کے سسر مشتاق حسین نے گھر کے کچھ فاصلے پر اپنے داماد کا موٹر سائیکل دیکھا اور شک گزرنے پر جب وہ موٹر سائیکل کے قریب پہنچا تو اس کے داماد کی نعش خون میں لت پٹ پڑی تھی،ریسکیو کلرسیداں نے نعش تحصیل ہیڈ ہوارٹر ہسپتال کلرسیداں منتقل کردی۔
مقتول چار بچوں کا باپ تھا،پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی،دریں اثناء کلر سیداں اور گوجر خان کے سنگم پر واقع کمبیلی مرزا میں 35 سالہ(ر) نامی شادی شدہ خاتون کو قتل کر دیا گیا،مقتولہ کے ہاں کوئی اولاد نہ تھی جس کی وجہ سے گھر میں اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھاجبکہ اس کا خاوند بیرون ملک مقیم ہے۔
وقوعہ تھانہ گوجرخان کی حدود میں ہونے کی وجہ سے ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں میں پوسٹمارٹم کیلئے لائی جانے والی نعش کو تھانہ گوجرخان شفٹ کر دیا گیا،قتل کے الزام میں تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
(111)