لندن: برطانیہ کے ائرپورٹس پرآرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے چہروں کی پہچان کا ایک نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے بعد مسافروں کو اپنا پاسپورٹ دکھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور وہ مخصوص دروازوں سے چلتے ہوئے گزر جائیں گے، نیا نظام ابھی تجرباتی مراحل میں ہے۔
بارڈرز فورس کے ڈائریکٹر جنرل فل ڈگلس نے بتایاکہ نئے نظام سے ہمیں کسی فرد کے متعلق پہلے ہی سے پتہ چل جائے گا کہ کیا وہ برطانیہ میں رہتا ہے، کیا وہ ہمارے امیگریشن نظام پر پورا اترتا ہے اور کیا ہمارے سیکورٹی نظام میں اس کا ریکارڈ موجود ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ برطانیہ سے کسی یورپی ملک میں جا رہے ہیں تو اس بات کی تسلی کرلیں کہ آپ بریگزٹ کے بعد یورپی یونین میں داخلے کے قوانین پر پورا اترتے ہیں مثلاً اگر آپ کا پاسپورٹ 10سال پہلے بنایا گیا تھا تو ممکن ہے کہ ائرپورٹ پر ائرلائن کا اسٹاف آپ کو روک لے۔
علاوہ ازیں آپ کا پاسپورٹ آپ کی واپسی کی تاریخ سے تین ماہ بعد تک کارآمد ہو، ایسی صورت میں بھی آپ کو جہاز میں سوار ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ چہروں کی شناخت کا نظام جو ابھی تجرباتی مراحل میں ہے جلد ہی لاگو کر دیا جائے گا۔
(0)