کلرسیداں:کلر سیداں،کہوٹہ،کوٹلی ستیاں،مری میں نامعلوم افراد نے جنگلات میں آگ لگا کر ہزاروں قیمتی درخت جلا ڈالے ہزاروں رنگ برنگ پرندے اور ان کے کمسن بچے ہلاک کر دیئے گئے اور آگ اس وسیع پیمانے پر لگائی گئی کہ انتظامیہ کی بھرپور کوششوں اور ضلع بھر کے فائر بریگیڈ بھی اسے بجھانے میں ناکام رہے بیشتر مقانات تک ریسکیو کی فائر بریگیڈگاڑیاں پہنچ ہی نہ سکیں تاہم کلرسیداں میں گندم کی باقیات تلف کرنے کے لئےلگائی گئی آگ نے پی ٹی آئی رہنما راجہ ساجد جاوید جاوید کے فارم ہاؤس کے سینکڑوں پھل دار پودے جلا ڈالے ان کا ڈپ واٹر سسٹم بھی جھلس کر ناکارہ ہو گیا اور ان کا مجموعی طور پر پچیس لاکھ کے قریب نقصان ہوا۔
ان کی درخواست پر کلرسیداں پولیس نے اسد اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے یہ آگ لگانے پر پہلا مقدمہ ہے اسد اللہ اپنے گندم کے کھیت کی باقیات کو تلف کرنے کیلئے آگ لگائی تھی جس نے پی ٹی آئی تحصیل کلر سیداں کے سابق صدر راجہ ساجد جاوید کے پورے فارم ہاؤس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں 12 لاکھ روپے مالیت کا ڈرپ واٹر سسٹم جل گیا اس کے علاوہ بھاری تعداد میں پھلوں کے درخت جل کر خاکستر ہو گئے جبکہ درجنوں مورنیوں کے انڈے بھی آگ کی نذر ہو گئے۔
مجموعی طور پر نقصان کا اندازہ 25لاکھ روپے بیان کیا جاتا ہے۔تھانہ کلر سیداں پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔آگ سے راجہ ساجد جاوید کے40 کنال پر مشتمل رقبے پر لگے باغات اور سینکڑوں کنال پر پھیلا جنگل جل کر خاکستر ہو گیا۔چیڑ،امرود کے ڈیڈھ سو کے قریب پودے،انار کے 120 پودے،خوبانی،آڑو،آلوبخارا،ناشپاتی،انجیر کے قریبا پونے تین سو پودے، لیموں کے پودے،چنار کے 40پودے، پاپولر کے 80 پودے، ڈیڈھ سو کے قریب مالٹے کے پودے آگ کی نذر ہو گئے۔
مقامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے مری کوٹلی ستیاں کہوٹہ اور کلرسیداں میں جیو فینسنگ کے ذریعے پولیس آگ لگانے والے ملزمان کا سراغ لگا کر ان کے خلاف مقدمات درج کرے۔
(3)