لندن: برطانیہ سے گزشتہ روز ترکی کے لیے روانہ ہونے والی ایک پرواز میں سوار ایک خاتون نے ساتھی مسافروں پر تھپڑوں کی بوچھاڑ کر دی جس پر پائلٹ طیارے کا رخ موڑنے پر مجبور ہو گیا۔ میڈیا کے مطابق یہ جیٹ 2کی پرواز مانچسٹر سے ترکی کے شہر انطالیہ جا رہی تھی۔ پرواز کو ساڑھے 4گھنٹے میں منزل پر پہنچنا تھا مگر راستے میں ایک خاتون مسافر نے اودھم مچا دیا۔
رپورٹ کے مطابق طیارے میں سوار کچھ مسافروں کا کہنا ہے کہ خاتون طیارے میں سوار بچوں کے رونے پر غصے میں آ گئی تھی، تاہم کچھ مسافروں کا کہنا ہے کہ خاتون ایئرپورٹ پر ہی غصے میں تھی اور مختلف چیزوں کو لاتیں مار رہی تھی، اس کے باوجود اسے طیارے میں سوار کر لیا گیا اور اس نے پرواز اڑنے کے ایک گھنٹے بعد طیارے میں ہڑبونگ مچا دی۔
مسافروں نے بتایا کہ خاتون اپنی سیٹ سے اٹھ کر طیارے کے اگلے حصے میں آ کر کھڑی ہو گئی اور عملے کو گالیاں دینی شروع کر دیں۔ جو مسافر یا عملے کا فرد اسے روکنے کی کوشش کرتا وہ اس کے منہ پر تھپڑ جڑ دیتی ۔ اس نے کئی مسافروں اور عملے کے اراکین کو تھپڑ مارے۔ جب عملہ اسے قابو کرنے میں ناکام ہو گیا تو پائلٹ نے جہاز کو ہنگامی طور پر ویانا میں اتار دیا جہاں اس خاتون کو پولیس کے حوالے کرنے کے بعد کئی گھنٹے کی تاخیر سے پرواز ترکی پہنچی۔
(1)