راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس لائنزمیں رہائش پذیرلیڈی کانسٹیبل کے دو معذوربھائی آگ لگنے سےجاں بحق ہوگئے ۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس کے مرحوم ہیڈکانسٹیبل سعیدشاہ مرحوم کی بیوہ نسرین بانو اپنے چارمعذوربیٹوں اورایک بیٹی لیڈی کانسٹیبل شازیہ کے ہمراہ پولیس کالونی راولپنڈی پولیس لائنز کے کوارٹرنمبر18سی میں رہائش پذیر ہے جہاں پیر کی رات 30سالہ عامرشہزاد اور 23 سالہ غلام عباس سرکاری کوارٹرکے ایک کمرے میں بیڈ پرلیٹے ہوئے تھے جب کہ کمرہ گرم رکھنے کے لئے بیڈکے قریب ہی بجلی کاہیٹرجل رہاتھا جو اچانک بیڈپرگرگیا جس سے آگ لگ گئی اور دونوں بھائیوں کے جسم جھلس گئے ۔
اس دوران کمرے میں دھواں بھر گیا جس سے دونوں بھائی جو معذوری کے باعث حرکت بھی نہیں کرسکتے تھے بے ہوش ہوگئے۔ انہیں بے نظیربھٹوہسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ خالق حقیقی سے جاملے ،آتش زدگی سے کمرے میں موجودسامان جل گیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق سی پی او ساجد کیانی نے واقعہ پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ لواحقین کےساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پولیس فورس ایک خاندان کی طرح ہے ،ہم سب اس دکھ میں غمزدہ خاندان کے برابر کے شریک ہیں۔
(53)