سرینگر: حریت کانفرنس (میرواعظ) نے حیدر پورہ انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے عام شہریوں کی لاشوں کو لواحقین کو واپس دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے لوگوں سے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر 19 نومبر جمعہ کو ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے۔
حریت کانفرنس کے ترجمان کی طرف سے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ‘’حیدر پورہ انکاؤنٹر میں مارے گئے معصوم شہریوں کے اہل خانہ کے ساتھ جو المناک سانحہ پیش آیا ہے وہ اس قدر تکلیف دہ اور اذیت ناک ہے کہ اس کے درد نے کشمیری عوام کو شدید طور پر مضطرب کر دیا ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے ‘’حریت کانفرنس اس پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہے اور چونکہ بیشتر عوامی قیادت اور سیاسی کارکنان جیلوں یا گھروں میں نظربند ہیں تاہم حریت اس طرح کے غیر انسانی طرز عمل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے معصوم شہریوں کے متاثرہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور اس ضمن میں عوام 19 نومبر2021 بروز جمعہ از خود مکمل ہڑتال کر کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کریں’‘۔
(28)