کراچی :قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کو آسٹریلیا کے خلاف دوسرےسیمی فائنل میں تین چھکے کھانے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ شاہین سے اس بات پر خوش نہیں ہیں کہ اس نے تین چھکے کھالیے،حسن علی سے کیچ چھوٹ گیا ہے تو اس کا مطلب نہیں ہے کہ آپ اگلی تین گیندوں پر تین چھکے کھالو، آپ کے پاس اتنی پیس ہے، اتنی سوچ بھی ہونی چاہیے تھی کہ آف سٹمپ کے باہر بال کرکے یارکر کرتے، آپ بلے باز کے پسندیدہ ایریا میں اس کو بال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیمی فائنل میں شاہین نے بری باؤلنگ کی ، کیچ چھوٹ گیا تو چھوٹ گیا لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ بالکل ہی ہمت ہار جاؤ گے، آپ دوبارہ کم بیک کرسکتے تھے، آپ ایسے باؤلر نہیں ہو کہ کوئی بلے باز آپ کو تین چھکے مار دے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں 19 ویں اوور کی تیسری گیند پر حسن علی نے آسٹریلیا کے میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کیا جس کے بعد اگلی ہی تین گیندوں پر شاہین آفریدی کو تین چھکے پڑ گئے اور پاکستان یہ میچ ہار گیا۔
(182)