دبئی:قومی کرکٹر محمد رضوان کا انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں علاج کرنے والے انڈین ڈاکٹر شہیر زین العابدین نے تیزی کے ساتھ ریکوری کو معجزہ قرار دے دیا۔
میڈیا کے مطابق محمد رضوان کو سینے میں تکلیف کے باعث میدیور ہسپتال میں لے جایا گیا جہاں ان کا علاج انڈین پلمونولوجسٹ شہیر زین العابدین نے کیا۔ ڈاکٹر شہیر نے بتایا کہ جب رضوان کو لایا گیا تو انہیں گزشتہ کئی روز سے سینے میں شدید تکلیف تھی، ہسپتال میں ان کے فوری طور پر ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد پتہ چلا کہ ان کی حالت بہت زیادہ خراب ہے۔
ٹیسٹوں کی رپورٹ آنے کے بعد محمد رضوان کو آئی سی یو منتقل کیا گیا جہاں انہیں ایک ہی لگن تھی کہ وہ اپنے ملک کیلئے سیمی فائنل کھیلنا چاہتے ہیں۔ رضوان بار بار کہتے تھے “مجھے کھیلنا ہے، ٹیم کے ساتھ رہنا ہے”۔
ڈاکٹر کے مطابق محمد رضوان کو جو بیماری لاحق ہوئی تھی اس کو ٹھیک ہونے میں کم از کم پانچ سے سات دن لگ جاتے ہیں لیکن پاکستانی کرکٹر کی ریکوری کی رفتار حیران کن تھی۔ وہ صرف دو دن میں ریکور ہوگئے اور اپنی ٹیم کیلئے کھیلے۔ اپنے ملک کیلئے ایسا جذبہ اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ محمد رضوان نے اپنی مضبوط قوتِ ارادی اور اللہ پر بھروسے سے بیماری کو شکست دی اور سیمی فائنل کھیلے۔
(106)